Inquilab Logo Happiest Places to Work

مشرقِ وسطیٰ کا بحران: عالمی کھیلوں کے میدان ویران، عالمی کھیلوں کے کیلنڈر درہم برہم

Updated: March 16, 2026, 10:02 PM IST | New Delhi

امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری حالیہ تنازع نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی کھیلوں کے کیلنڈر کو درہم برہم کر دیا ہے۔ پروازوں کی منسوخی، سیکوریٹی خدشات اور سفری پابندیوں کے باعث کئی بڑے ایونٹس ملتوی یا منسوخ ہو چکے ہیں۔

Saudi Grand Prix.Photo:INN
سعودی گراں پری۔ تصویر :آئی این این

عالمی سیاست کے اثرات کھیلوں پر اس قدر گہرے ہو چکے ہیں کہ ایران نے رواں سال امریکہ میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء سے دستبرداری کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جہاں ایرانی ٹیم کی حفاظت کو جواز بنایا، وہیں جاپانی فٹبالر کیسوکے ہونڈا کو ایران کی حمایت کرنے پر ایک امریکی کمپنی کے ساتھ اپنے اشتہاری معاہدے سے ہاتھ دھونا پڑے۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ اب کھلاڑیوں کے لیے غیر جانبدار رہنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
بحرین اور سعودی گراں پری: آئندہ ماہ ہونے والی بحرین اور سعودی عرب کی فارمولا ون ریسز لاجسٹک مسائل اورسیکوریٹی خدشات کے باعث منسوخی کے دہانے پر ہیں۔
ٹینس اور بیڈمنٹن: فجیرہ میں اے ٹی پی چیلنجر ایونٹ سیکوریٹی الرٹ کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔
ہاکی اور کرکٹ: امریکی ہاکی ٹیم مصر میں ہونے والے ورلڈ کپ کوالیفائر سے دستبردار ہوگئی، جبکہ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان یو اے ای میں شیڈول سیریز بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔
جون میں امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے: ایران کی شرکت: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بیان دیا ہے کہ ایرانی ٹیم کی شرکت ان کی اپنی حفاظت کے لیے ’’مناسب‘‘ نہیں۔ ایران کے میچز لاس اینجلس اور سیئٹل میں شیڈول ہیں۔ 
ایشین چیمپئن لیگ: مشرقِ وسطیٰ کے کلبوں کے درمیان ہونے والے تمام اہم میچز مارچ کے پہلے دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ 
عراقی ٹیم کی پریشانی: عراق کے کوچ گراہم آرنلڈ نے میکسیکو میں ہونے والے ورلڈ کپ پلے آف میچ کو سفری مشکلات کے باعث ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان اس ماہ ہونے والا فینالیسیما مقابلہ منسوخ:یورو اور کوپا امریکا کی فاتح ٹیموں کے درمیان میچ ۲۷؍مارچ کو قطر میں ہونا تھا۔ یوئیفا نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر میچ منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 
پیرا لمپکس گیمز میں کھلاڑیوں کی آمد متاثر :مشرق وسطیٰ کے کئی ایئرپورٹس پر فلاہٹ آپریشنز متاثر ہونے کی وجہ سے کئی کھلاڑیوں کومیلانو کورٹینا ونٹر پیراولمپک گیمز میں شرکت کے لیے سفر میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ علاوہ ازیں بین الاقوامی پیرالمپک کمیٹی نے ۶؍مارچ کو اعلان کیا ہے کہ ایران میلانو کورٹینا  ۲۰۲۶ء پیرالمپکس ونٹر کھیلوں میں حصہ نہیں لے رہا ہے۔
میدویدیف اور روبلیوف دبئی میں پھنس گئے: روسی کھلاڑی دانیئل میدویدیف اور آندرے روبلیوف، جنہوں نے دبئی ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کی تھی، انہیں کیلیفورنیا میں ہونے والے انڈین ویلز اوپن تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ 

یہ بھی پڑھئے:اروندھتی ریڈی اور فاطمہ ثناآئی سی سی ویمن پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد


سندھو بیڈمنٹن کے آل انگلینڈ اوپن سے دستبردار ہوگئیں: دو بار کی اولمپک میڈل جیتنے والی  ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو دبئی ایئرپورٹ پر کئی دنوں تک پھنسے رہنے کے بعد آل انگلینڈ اوپن سے دستبردار ہوگئیں اور ۳؍ مارچ کو  ہندوستان واپس پہنچیں۔ایرانی خواتین فٹ بالرز: آسٹریلیا نے ایران کی پانچ خاتون فٹ بال کھلاڑیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے جاری کیے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:ماتربھومی: سلمان خان نے اپنی فلم ’’بیٹل آف گلوان‘‘ کا نام کیوں بدلا؟

مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال نے نہ صرف سیاست اور معیشت بلکہ کھیلوں کی دنیا کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔ کھلاڑیوں کی حفاظت، سفری پابندیوں اور سیاسی بائیکاٹ نے کئی بڑے عالمی مقابلوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔موجودہ صورتحال یہ بتاتی ہے کہ کھیل اب محض تفریح کا ذریعہ نہیں رہے، بلکہ یہ عالمی حالات اور سفارتی تعلقات کے مرہونِ منت ہیں۔ کیا کھلاڑی اور انتظامیہ ان چیلنجز سے نمٹ پائیں گے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK